لاہور (سید مجاہد شاہ)پاکستان سپر لیگ کے تین میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے جن پر جواء کروانے والے بکی متحرک ہو گئے ہیں جنہوں نے لاہور پولیس کی جانب سے سٹے بازوں کے خلاف ممکنہ کریک ڈاؤن کے پیش نظر معروف ہوٹلوں اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کمروں کی بکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جہاں وہ بے خطر و خوف اپنا دھندہ جاری رکھ سکیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں جاری پی ایس ایل میچوں پر لاہور کے چھوٹے بڑے بکی جوا بک کر رہے ہیں اور پولیس کی طرف سے ان کی گرفتاری کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات دکھائی نہیں دیتے ۔ پولیس کا کہنا کرکٹ میچوں پر جوا بک کرنے والے بکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور انکی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔دوسری طرف قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے تین میچوں کی سکیورٹی کے لئے پولیس کی طرف سے جامع پلان تشکیل دیا جا رہا ہے ۔ لاہور پولیس کے علاوہ دیگر اضلاع کی پولیس بھی منگوا ئی جائے گی جبکہ حساس اداروں کے اہلکار، رینجرز، پاک فوج، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ کے جوان بھی قذافی سٹیڈیم میں سکیورٹی پر مامور ہونگے ۔ قذافی سٹیڈیم میں 9مارچ کو لاہورقلندر اور اسلام آباد ، 10مارچ کولاہور قلندر اور ملتان سلطان جبکہ تیسرا میچ12مارچ کو جیتنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سخت سکیورٹی حصار میں قذافی سٹیڈیم لایا جائے گا اور اس حوالے سے دو مختلف روٹ لگائے جائیں گے ۔