لاہور،پاکپتن،پشاور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیوز رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور نے گزشتہ روز بھی 20 پوائنٹس اور ماڈل و اتوار بازاروں میں آٹے کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے ٹرک کھڑے کئے ۔ماڈل بازار ٹیپو چوک گرین ٹاؤن ، شیر شاہ کالونی چوہنگ، وحدت کالونی ، جوہر ٹاؤن، سبزہ زار،رائیونڈ ،ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ ، چائنہ سکیم گجر پورہ،ہربنس پورہ غازی آباد ، بیگم کوٹ شاہدرہ اتوار بازار اور شادمان اتوار بازار میں ٹرک کھڑے کئے گئے ۔ ڈی سی دانش افضال کا کہنا تھا عوام الناس ماڈل اور اتوار بازاروں سے آٹا خرید سکتے ہیں ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرزاور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اتوار و ماڈل بازاروں کا دورہ اور اشیا ضروریہ کی کوالٹی اور قیمتوں کو چیک کریں۔گندم مہنگی ہونے سے پاکپتن میں دیسی آٹے کی شدید قلت پیدا ہوگئی، شہر بھر میں 100سے زائد دیسی آٹاکی چکیاں بند ہو گئیں، دیسی آٹا چکی مالکان نے گندم مہنگی ہونے کے باعث چکیاں چلانا بند کر دیں۔ پشاور میں نان بائیوں اور ضلعی انتظامیہ نے مل کر عوام کو ماموں بنا دیا ، 115گرام روٹی کی قیمت 10روپے مقرر کرنے اور اس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کرنے کے باوجود شہر بھر میں کوئی بھی نانبائی دس روپے کی روٹی فروخت نہیں کر رہا، شہر کے تمام تندوروں پر 170گرام روٹی 15روپے میں فروخت کی جا رہی ہے جو سرکاری اعلامیہ کی خلاف ورزی ہے ،ضلعی انتظامیہ اورنانبائی ایسوسی ایشن میں 115گرام روٹی 10روپے میں فروخت کرنے کا معاہد ہ ہوا تھا۔