لاہور،کراچی،سیالکوٹ ( کرائم رپورٹر،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) لاہور پولیس نے کرونا وائرس کے تناظر میں لگائی گئی دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور مہنگے ماسک وسینیٹائیزرز بیچنے پر 129 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔گزشتہ روز دفعہ 144کی خلاف ورزی پر مزید 23 مقدمات درج کئے گئے ۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کریک ڈاون تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہنگے ماسک اور سینیٹائیزر بیچنے پر دکانداروں کیخلاف اب تک 20 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سٹی ڈویژن میں3 ، کینٹ 3 ، سول لائنز ڈویژن 13، صدر اور اقبال ٹائون ڈویژن میں مزید 2، 2 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ مشکل گھڑی میں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری نہایت افسوسناک رویہ ہے ، شہری پولیس ہیلپ لائن 15 پر بھی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ دریں اثنا ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو فیلڈ میں رہنے اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اطلاع کے باوجود ایکشن نہ لینے والے پولیس افسروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اب تک 156 ملزموں کیخلاف 29مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔کراچی میں اسسٹنٹ کمشنرابراہیم حیدری سمیع اللہ خان کی نگرانی میں ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے چیف ڈرگ انسپکٹرشعیب انصاری کی قیادت میں بن قاسم میں نجی کمپنی کے گودام پرچھاپہ مارکرذخیرہ کئے گئے 5 لاکھ سرجیکل ماسک تحویل میں لے لئے ،تاہم کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔ادھر سیالکوٹ میں مہنگے داموں فروخت کرنے کی نیت سے گودام میں چھپائے ہوئے ایک لاکھ ستر ہزار فیس ماسک برآمد کر کے تین ملزموں حسن رضا، عمر کریم اور حمزہ علی کو گرفتار کر لیا گیا۔