لارڈز (سپورٹس ڈیسک)دوسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی بیٹسمین ٹریوس ہیڈ نے انگلینڈ کا جیت کا خواب چکنا چور کر دیا۔آخری روزانگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز 258رنز 5کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی اور آسٹریلیا کو جیتنے کیلئے 267رنز کا ٹارگٹ دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 115رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔کمنز نے 3،سڈل نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی پہلی 3وکٹیں 47رنز پر گر گئیں اس کے بعد بینکرافٹ اور لابوسچاگ نے ٹیم کو سہارا دیا۔ آرچر اور لیچ نے مزید 3وکٹیں اڑا کر انگلینڈ کو جیت کی امیددلائی مگراس کے بعد ٹریوس ہیڈ اور کمنز ڈٹ گئے اور مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 154رنز بنالئے تھے ۔ ہیڈ 42رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔آرچر اور لیچ نے 3,3وکٹیں لیں۔ بین سٹوکس مین آف دی میچ رہے ۔ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کے پوائنٹس 32 جبکہ انگلینڈ کے 8 ہوگئے ۔