لاہور (خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے سینئرنائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل کی مشاورت سے کیا ہے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پرمنانے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور پاکستان کی تاجر برادری مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی قیمت تنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ انڈیا جلتی پر تیل چھڑک رہا ہے ۔ اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور سخت اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی مرضی سے حل ہونا چاہیے ۔