لاہور ( حافظ فیض احمد) ریلوے پولیس حکام نے سکیورٹی بڑھانے ، دھماکہ خیز مواد پکڑنے اور ممنوعہ اشیاء کی ترسیل روکنے کے لئے لاہور ریلوے اسٹیشن اور فیصل آباد پر مزید نئے سکینر لگانے کے لئے ڈی ایس ریلوے لاہور کو لیٹر ارسال کر دیا جبکہ لاہور اور فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر خراب لگیج سکینرز کی مرمت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ ان کی جلد از جلد مرمت کرائی جائے ، اسی طرح رائے ونڈ ریلوے سٹیشن پر سکینر لگانے سے سامان کی مکمل تلاشی سے سکیورٹی میں اضافہ ہو گا اور وقت کی بچت بھی ہو گی جبکہ کوئی بھی مسافر اپنے سامان کے ساتھ گیس سلنڈر، مٹی تیل کے چولہے اور دیگر دھماکہ خیز مواد اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے کیونکہ گزشتہ سال سانحہ تیز گام ٹرین کی بوگیوں میں آگ لگنے سے 73مسافر جل کر جاں بحق ہو گئے تھے اور متعدد مسافر زخمی ہوئے جس کے بعد ریلوے پولیس حکام نے خصوصی مہم چلائی اور اپنے سامان کے ساتھ گیس سلنڈر، مٹی تیل کے چولہے اور دیگر مواد لے کر جانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی ریلوے پولیس مہر اقبال نے سکیورٹی کے پیش نظر لاہور ریلوے سٹیشن پر سکیورٹی مزید بڑھا دی ہے اور اہلکاروں کو24گھنٹے گشت کرنے کے ساتھ سادہ لباس میں بھی ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھی جائے جبکہ پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ مسافروں کے سامان کی تلاشی کو یقینی بنایا جائے اور سکیورٹی کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔