لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد ، کراچی ( سپیشل رپورٹر ، کرائم رپورٹر، خصوصی رپورٹر، سٹاف رپورٹر) لاڑی اڈہ کے قریب کوارٹر میں آگ لگنے کے باعث خاتون اپنے پانچ سالہ بچے سمیت جھلس کر جاں بحق ہوگئی، لاڑی اڈہ ایل ڈی اے کوارٹرز کی نزدیک بلڈنگ کے تیسری منزل پر واقع محی الدین نامی شہری کے ایک کمرہ کے کوارٹر میں اچانک آگ لگ گئی، گھر میں دھواں بھر گیا، محلہ داروں نے ریسکیو ون ون ٹو ٹو کواطلاع دی ، آگ کے باعث کمرے میں موجود 5 سالہ بلال اور 35 سالہ رخسانہ بی بی جھلس کر شدید زخمی ہوگئے ، ہسپتال منتقل کیا لیکن دونوں جانبر نہ ہوسکے ۔لوئر مال کے علاقہ بلال گنج میں گھر میں آتشزدگی سے چار خواتین اور ایک بچی سمیت 6 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ، مبینہ گیس ہیٹر کیوجہ سے آگ لگ گئی، چار خواتین 28 سالہ سدرہ کاشف، 50 سالہ رخسانہ شوکت، 25 سالہ روبینہ مجاہد، 25 سالہ مہوش فہد، چار سالہ بچی ماہم کاشف، اور 28 سالہ زکریا رضوان جھلس کر زخمی ہو گئے ، ریسکیو عملہ نے آگ پر قابو پا لیا۔ فیصل آ باد میں زرعی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم طا لب علم کمرے میں آ گ بھڑکنے کی وجہ سے جھلس کر جاں بحق ہو گیا ، میا نوالی کا رہائشی خرم شہزاد نیازی زرعی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مقیم تھا ، کمرے میں بھڑکنے والی آ گ کی لپیٹ میں آ کر چل بسا۔ اسلام آباد کے اہم تجارتی مرکز جناح سپر مارکیٹ میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں سلنڈر دھماکے کے باعث5 افراد جھلس گئے ، 2 بروک انجینئر نامی نجی ریسٹورنٹ میں سلنڈ پھٹا۔ کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب میں ہفتے کی صبح پہلی منزل کے آپریشن تھیٹر میں آگ لگ گئی، آپریشن تھیٹر میں موجود افراد کو سکیورٹی گارڈز نے محفوظ طریقے سے نکالا،مریضوں کونکالتے ہوئے ایک گارڈ معمولی زخمی ہوگیا،انتظامیہ کے مطابق آگ پر قابو پالیاگیا۔