رائیونڈ ، لاہور ، حبیب آباد ، شیخوپورہ، چونیاں ( نامہ نگار، کرائم رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر، تحصیل رپورٹر) لاہور نصیرآباد میں نامعلوم ملزم نے 7 سالہ بچی کومبینہ ز یادتی کا نشانہ بنا ڈالا ، مقدمہ درج کرلیا گیا، رائے ونڈ میں درندہ صفت اوباش ہمسائے نے 6 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ٹیچر ز کالونی کے ارشد کی بیٹی سکول سے گھر آتے ہی ہمسائے کے گھر کھیلنے چلی گئی، واپس نہ آنے پر والدین اور محلہ داروں نے تلاش شروع کی، ہمسائے کے گھر میں بچی نیم بے ہوش حالت میں ملی، بچی کو تشدد اور زیادتی کے بعد گھر کے ایک کونے میں پھینک دیا گیا تھا، محلہ داروں نے اوباش حسنین کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا، لواحقین نے اعلی حکام سے مجرم کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ حبیب آبا د میں 10 سالہ بچے کو اوباش نے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور خون میں لت پت چھوڑ کر فرار ہوگیا، انور کا بیٹے کو بابر علی نے فصلوں میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا، اوباش بابر کو گرفتار کرلیا گیا۔ شیخوپورہ میں تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے علاقہ دھوپ سڑی میں اوباش نوجوان نے اپنے ایک ساتھی کی مدد سے دو بچوں کو نامعلوم مقام پر لے جا کر بد فعلی کا نشانہ بناڈالا ، ملزم شاہد اور دو نامعلوم ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، واقعہ پراہل علاقہ نے شدید ا حتجاج کیا، ڈی پی او نے بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ، زیادتی کے بڑھتے واقعات پر سول سوسائٹی نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔چونیاں میں ایک اور بچے کو زیادتی کے بعد قتل کئے جانے کا شبہ چار بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے سفاک ملزم سہیل شہزادہ پر ظاہر کردیا گیا، جون 2016 میں رانا ٹاؤن کے 8 سالہ عبد المجید کی برہنہ نعش روہی نالہ ڈنگی سے ملی ، تھانہ سٹی چونیاں میں مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمہ میں نامزد بلال بے گناہ ثابت ہوا تھا، قوی امکان ظاہرکیا جارہا ہے سانحہ چونیاں کا ملزم سہیل شہزاد راناٹاؤن میں ہی رہائش پذیر تھا اور وہ عبد المجید کے قتل میں بھی ملوث ہے ، روہی نالہ سہیل کے گھر سے صرف ایک ایکڑ کے فاصلہ پر ہے ، پولیس کا کہنا ہے ملزم ریمانڈ پر ہے ، ہوسکتا ہے قتل سہیل نے ہی کیا ہو، تحقیق سے معاملہ واضح ہو جائے گا۔