لاہور (خبرنگارخصوصی،کامرس رپورٹر)پلاسٹک بیگز ایسوسی ایشن نے پلاسٹک بیگز کا استعمال بند کرنے کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ اس بڑی انڈسٹری کو بند کرنے کے بجائے ماحولیاتی تحفظ کے لیے قواعد و ضوابط وضع کرے ۔ ان خیالات کا اظہار پلاسٹک بیگز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے لاہور چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جہانزیب جیلانی، فیصل ملک، علیم احمد، فیصل قادری ،معظم رشید ، لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ پلاسٹک بیگ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کی 8000 فیکٹریاں لاکھوں افراد کو بلاواسطہ یا بالواسطہ روزگار مہیا کررہی ہے جبکہ یہ رینیو دینے والے پانچ بڑے سیکٹرز میں بھی شامل ہے ۔