اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کیخلاف انکوائری مکمل ہونے پرریفرنس دائرہوگا۔ قومی احتساب بیورو نیب نے وفاقی وزیرہوابازی غلام سرورخان اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری کیخلاف بھی شکایت پر متعلقہ اداروں سے ریکارڈمانگا ہے ۔گزشتہ روز انہوں نے ا پنے ایک بیان میں مزیدکہا کہ کوئی آئین سے بالاترنہیں۔ احتساب پر تحریک انصاف میں پارٹی سطح پرکوئی ہلچل نہیں بلکہ تحریک انصاف کے لوگ تحقیقاتی اداروں سے تعاون کررہے ہیں۔ چینی معاملہ پرتحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ آنیوالی ہے ، وزیراعظم نے بھی رپورٹ پبلک کرنیکاوعدہ کیا، رپورٹ کی سفارشات پرکارروائی کی جائیگی۔ آٹابحران پرتحقیقاتی کمیشن کی 3رپورٹس پبلک کی گئیں جن میں کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔آن لائن کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کیخلاف مبینہ طور پراسلام آباد میں وزارت کی ایک عمارت اپنے کاروباری شراکت دار کو کرایہ پر دینے کے معاملے پر سامنے آنیوالی شکایت کی تصدیق کا عمل شروع کردیا ۔ یہ فیصلہ وزیر مذہبی امور کیخلاف انہی کی وزارت میں سے کسی کی شکایت پر نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں کیا گیا۔چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو تمام انکوائری کا ٹاسک سونپ دیا۔