اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 28 مئی کومنعقد ہوگا۔ اجلاس کیلئے 4 نکاتی ابتدائی ایجنڈا جاری کردیاگیا ہے ۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی بجٹ کے سٹریٹجی پیپر پر بریفنگ اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں پرعملدرآمدپررپورٹ بھی پیش کی جائیگی جبکہ وزارتوں کے زیرانتظام اثاثہ جات کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔سی سی آئی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائیگی اور وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے متعلق بھی اعتماد میں لیاجائے گا۔ دریں اثناء وزیر اعظم نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس29 مئی کو طلب کر لیا ۔ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں اے پی سی سی کی سفارشات منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی جبکہ رواں اور آئندہ سال کے مجوزہ پی ایس ڈی پی کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔اس کے علاوہ قبائلی علاقوں کی تعمیر نو کیلئے خصوصی فورم کی مدت میں بھی توسیع پر غور کیا جائے گا ۔