اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں وکلا کے دل کے ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو تشدد کا نشانہ بنانا، ہنگامہ آرائی ،توڑ پھوڑ اور غریب مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہراساں کرنا انتہائی قابلِ مذمت اور قابلِ افسوس ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا لاقانونیت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا،قانون کا یونیفارم پہننے والوں کو قانون کی پاسداری کرنا ہو گی۔فردوس عاشق اعوان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارت نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر متنازعہ شہریت بل لا کر انسانی حقوق کے قوانین کی سرعام دھجیاں بکھیر دیں ہیں،متنازعہ شہریت بل نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کے بھارتی دعوئوں کو جھوٹ ثابت کرچکا ہے ،یہ قانون سازی نہیں بلکہ انتہا پسند ہندوتوا سوچ پورے خطے پر مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش اور ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاوکلاء تنظیمیں اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کو الگ کریں،کالے کوٹ پہنے گلو بٹوں نے قانون ہاتھ میں لیا،ن لیگ کے گلو بٹوں نے ہر ادارے میں اجارہ داری قائم کر رکھی ہے ۔مزیدبرآں فردوس عاشق اعوان نے اے پی پی ایمپلائز کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہااداروں کو فعال اور با اختیار بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔