اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی لینڈ کروزر گاڑی اور کار میں تصادم سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے 5افرادزخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مارگلہ روڈ پرگزشتہ روز ساڑھے 10بجے کے قریب فیصل چوک میں سگنل بند ہونے کے باوجود امریکی سفارتخانے کی سفید رنگ کی گاڑی تیز رفتار ی کے باعث دوسری جانب جاتی کار سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ 5 زخمیوں اور جاں بحق خاتون کی لاش کو پمزہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تھانہ مارگلہ پولیس کو اسامہ اخلاق نے بتایا کہ اس کی والدہ ناذیہ بی بی ، والد محمد اخلاق ، کزن شکیل احمد ، اس کی اہلیہ نبیلہ بی بی اور ان کی بیٹیاں مناہل اور سعدیہ اپنی گاڑی میں آبائی گاؤں ہری پور جا رہے تھے کہ فیصل چوک میں لینڈ کروزر کی زد میں آ گئے جس کے نتیجے میں اس کی والدہ ناذیہ بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ باقی افراد شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاش کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثائکے حوالے کر دی گئی ہے ۔ زخمیوں میں شامل کم سن بچی کی حالت تشویش ناک ہے ۔پولیس نے شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے لینڈ کروزر کے ڈرائیور امجد زمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی امریکی سفارتخانے کے زیر استعمال ہے اور حادثے وقت ڈرائیور اکیلا گاڑی میں سوار تھا ،گاڑی کو بھی تحویل میںلے لیا گیاجبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ہزارہ کالو نی راولپنڈی سے ہے ۔خیال رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی گاڑی سے شہریوں کی ہلاکت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اپریل 2018 ئمیں بھی امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔