لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر کے زیراہتمام بھارتی جارحیت کیخلاف اور کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔گزشتہ روز لاہور چیمبر کے اجلاس اور مظاہرے میں کاروباری برادری نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے آزادی کیلئے انکی جدوجہد کی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر کشمیر کے حریت پسند رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک ، لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، میاں انجم نثار، شاہد حسن شیخ، محمد علی میاں، سہیل لاشاری، عرفان اقبال شیخ، ناصر حمید خان، ابوذر شاد، نعیم میر، خالد پرویز، اشرف بھٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس موقع پر موجود تھے ۔ مشعال ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور مسلسل کرفیو کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ، خوراک ، ادویات اور دیگر اشیا کی شدید قلت ہے جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بھارتی جارحیت بڑھ رہی ہے ۔ عالمی میڈیا بھارتی مظالم دنیا کے سامنے اجاگر کرے ، کشمیر میں مردوں، خواتین یہاں تک کہ بچوں کو شہید کیا جارہا ہے ، دنیا خصوصاً مسلم ممالک کو بھارتی جارحیت پر ایکشن لینا چاہئے ۔ محمد علی درانی نے کہا کہ کشمیرمیں دنیا کا طویل ترین ظالمانہ مارشل لا نافذ ہے ۔ اس موقع پر شرکا غیر معمولی جوش وخروش کا مظاہرہ کرتے رہے ۔بھارت کے کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے کے فیصلہ کیخلاف شرکا نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیری ترانے گونجتے رہے جبکہ شرکا نے کشمیری اور پاکستان پرچم اٹھا کر کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی ۔