اسلام آباد/لاہور(لیڈی رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے )مری اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوارہوگیا،ادھر لاہور میں بھی گزشتہ روز موسم جزوی ابر آلود رہا ، دوپہر کے وقت کالی گھٹاؤں نے شہر میں ڈیرے ڈال لیے ، تیز گر د آلود ہواؤں ، شہر کے مختلف مقامات پر ہلکی و موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، راولپنڈی، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ڈی جی خان، ڑوب ڈویڑن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ آج پیر کے روزخیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان ، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ساہیوال، قلات، ڑوب ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیزگردآلود ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی48، جیکب آباد، روہڑی46 ،لاہور 40 جبکہ مری میں 16 سینٹی گریڈ رہا ۔