لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرآف کاکامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے سی پیک اتھارٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ لاہور چیمبر کو بھی آن بورڈ لے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام خوش آئند ہے ، یہ قدم اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل اور کامیابی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے قیام سے پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے جاری سرگرمیوں کی رفتار میں اضافہ، ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوسی پیک مخالف قوتوں کو نظر انداز کرکے یہ منصوبہ جلد سے جلد مکمل کرنا چاہیے ۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ سی پیک ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے باب کا آغاز کرے گا۔