لاہور، کراچی، پشاور ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، آن لائن ، سٹاف رپورٹر ) لاہور میں جمعرات کو باش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی، موسم جزوی ابر آلود رہا، آندھی کے باعث لیسکو کے 200سے زائد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے ، شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے ،دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا، جمعرات کو خیبرپختونخوا، پنجاب، کوئٹہ، قلات،ڑوب، لاڑکانہ ڈویڑن، اسلام آباد اور کشمیر میں بارش ہوئی، گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت شہیدبینظرآباد ، جیکب آباد 43، روہڑی، سکرنڈ، موہنجوداڑو ، لاڑکانہ، میرپورخاص، سکھر، تربت، نوپورتھل اور مٹھی میں42ڈگری ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری تک گیا۔ شہر قائد میں گرمی کی نئی لہر کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے نیا ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ، کراچی میں چند روز سے دن کے اوقات میں سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے گرمی میں بتدریج اضافہ دیکھا جاتا ہے ، الرٹ کے مطابق 25 سے 27 مئی کے درمیان دن کے اوقات میں شمال مغرب کی جانب سے گرم ہوائیں چلیں گی اور درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے ، طبی ماہرین نے کہا ہے شہری دن کے اوقات صبح 11 سے سہہ پہر 3 بجے کے درمیان باہر نہ نکلیں۔