لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں پہلی ہی فتح کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم کو بڑا دھچکا ،ایک طرف کپتان محمد حفیظ انجری کے سبب چند میچوں کے لیے عدم دستیاب ہو گئے تو دوسری جانب ان کے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کارلوس بریتھ ویٹ اپنی قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ہفتے کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران محمد حفیظ کی گیند پر کولن انگرام نے انہی کی جانب تیز شاٹ کھیلا اور کیچ پکڑنے کی ناکام کوشش میں وہ انگلی زخمی کرا بیٹھے ۔ابتدائی رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز نے حفیظ کو چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ ان کی انجری کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ آئندہ چند دنوں میں دستیاب ہو گی۔ کپتان محمد حفیظ انجری کے باعث پشاور زلمی کے خلاف میچ میں اے بی ڈویلیئرز نے قیادت کے فرائض انجام دئیے ۔