لاہور، اسلام آباد،کراچی، ملتان،ڈیرہ غازیخان، قصور (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان ، 92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) پنجاب میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آگیا،صوبے بھر میں دفعہ144 نافذ کر دی گئی، اسلام آباد میں ایک جبکہ سندھ میں مزید 18افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی،ایک روز میں 20کیس سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد 53 ہوگئی۔ لاہور میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کا کہنا ہے 10 مارچ کو برطانیہ سے آنے والے 54 سالہ شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ مریض کو علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ شب ہی میو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ مریض کا کرونا وائرس ٹیسٹ نجی لیبارٹری میں کیا گیا تھا۔صوبائی وزیر صحت یاسین راشد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا مریض کے رشتہ داروں، طبی عملے اور مریض سے براہ راست رابطے میں رہنے والوں کے بھی ٹیسٹ کرائے گئے جو منفی آئے ہیں۔ 54سالہ سلمان حسن پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہے ۔ سلمان حسن کی 92نیو ز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بار بار شکایات کے بعد اب صاف اور بہتر کمرہ فراہم کیا گیا ہے ۔ علاج معالجے سے مطمئن ہوں۔لاہور ائیرپورٹ پرسعودی عرب سے آنے والے 3مسافر مشتبہ قرار دیدیے گئے ۔ تینوں مسافر وں کو سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔تینوں مسافر پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 740سے لاہور پہنچے تھے ۔ ڈی جی خان میں ایران سے آنے والے 2 افراد کو کرونا وائرس کے شبہ پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔دونوں کا تعلق لیہ سے ہے ۔ سیمپل لیبارٹری بھیج دئیے گئے ہیں ۔گوجرہ میں کرونا وائرس کاایک اور مشتبہ مریض ہسپتال پہنچ گیا۔ایران سے 19زائرین ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے ، زائرین کو درا زندہ میں قائم قرنطینہ سنٹر منتقل کردیاگیا۔ہری پور میں چین اورایران سے پاکستان آنے والے 40افرادکے کروناٹیسٹ کلئیرقراردیے گئے ۔سکھرآئیسولیشن یونٹ میں تفتان سے لائے گئے 293 زائرین کی سکریننگ مکمل کرلی گئی،خون کے نمونے کراچی بھجوادیئے گئے ،تمام افراد14 روز قرنطنیہ میں رہیں گے ۔کروناوائرس خدشات کے پیش نظرسنگرارکے رہائشی ماں بیٹے کو سکھرسول ہسپتال داخل کرلیا گیا۔محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کرونا وائرس کے مزید 5 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے 3 متاثرہ افراد کچھ دن قبل سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے جن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ تفتان سے سکھر منتقل کیے گئے زائرین میں سے 13 کے ٹیسٹ مثبت آئے ۔حکومت سندھ کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹویٹ میں تصدیق کی کہ تفتان سے منتقل کیے گئے زائرین میں سے کم از کم13 افراد کے طبی ٹیسٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی۔اسلام آباد میں بھی کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا ۔ترجمان پمز کے مطابق کرونا سے متاثرہ خاتون کے شوہر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ پمز میں داخل خاتون اپنے شوہر و بچوں کے ہمراہ یوکے سے پاکستان آئی تھی تاہم گزشتہ روز شوہر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ترجمان پمز کا کہنا ہے پمز میں کرونا سے متاثرہ 4 کنفرم مریض داخل ہیں۔حکومت پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں دفعہ144نافذ کر دی جس کا اطلاق فوری ہو گا ، صوبہ میں کہیں بھی پانچ یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد رہے گی۔چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے دفعہ 144 تین ہفتوں کیلئے لگائی گئی ہے جس کے تحت تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ اساتذہ کے داخلے پر بھی پابندی ہو گی۔صوبے میں تمام پارکس،تفریحی مقامات اور چڑیا گھر بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاہم گھروں کی چار دیواری میں شادی بیاہ کی تقریبا کی اجازت ہو گی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں لاہور،ملتان اور راولپنڈی کے بعد باقی چھ ڈویژن میں ایک ایک ہسپتال کرونا کے مریضوں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر صحت نے کہا محکمہ صحت پنجاب نے کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی ہیلپ لائن1033 قائم کردی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تمام پولیس ٹریننگ سنٹرز میں ٹریننگ سیشنز کو روک دیا گیا ہے اور پولیس لائنز میں پریڈ پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ ہرقسم کے محکمانہ ترقی کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ۔ پنجاب پولیس کیلئے کالاشاہ کاکو کے قریب کورنٹین سنٹر قائم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے کے مزارات 3 ہفتے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری پر پابندی لگادی۔کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر بھارتی یاتری بیساکھی میلہ اورخالصہ جنم دن کی تقریبات میں شریک نہیں ہوسکیں گے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے سکھوں کو پاکستان آنے کیلئے کلیئرنس دینے سے انکارکردیا ۔بتایا گیا ہے 2 ہزارسے زائدسکھ یاتریوں نے 12 اپریل کو واہگہ بارڈرکے راستے پاکستان آناتھا۔بھارت کی طرف سے واہگہ اٹاری سرحدجزوی بند ہے جبکہ کرتارپورراہداری بھی بندکردی گئی اور آج سے بھارتی سکھ یاتری راہداری کے راستے کرتارپوربھی نہیں آسکیں گے ۔ قصور کے سرحدی بارڈر گنڈا سنگھ والا کو بھی بند کر دیا گیاجبکہ پریڈ تقریب بھی منسوح کر دی گئی۔ بیجنگ،واشنگٹن،میڈرڈ ( بیورورپورٹ،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی، نیوزایجنسیاں)دنیا بھر میں چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائر س سے مزید669افراد ہلاک ہوگئے ،ہلاکتوں کی مجموعی تعداد6,492ہو گئی جبکہ12,154 نئے کیس سامنے آگئے ۔متاثرہ ممالک کی تعداد 157ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد168,756 ہو گئی جن میں سے 76,598 مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ5,911 کی حالت تشویشناک ہے ۔اٹلی میں مزید 368ہلاک ہوگئے جبکہ 3,590نئے کیس سامنے آگئے ۔ ایران میں 113مریض چل بسے جبکہ1,209نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔سعودی گزٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلی کمانڈر نصیر شعبانی سمیت 6اہلکار بھی کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو ئے ہیں ۔سپین میں96 ہلاکتیں،1,407نئے کیس،فرانس میں 36 اموات،30نئے کیس، برطانیہ 14ہلاکتیں،232 نئے مریض،چین میں10اموات ، 25نئے کیس، نیدرلینڈز میں 8اموات، 176 نئے کیس ،امریکہ میں 5 ہلاک،386نئے کیس ، جنوبی کوریا، فلپائن3،3،جرمنی، جاپان، آسٹریلیامیں 2،2،یونان، ہنگری، الجیریا،سوئٹزر لینڈ، ڈنمارک،سویڈن میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔جرمنی 1,214،سوئٹزر لینڈ842،آسٹریا205،بلجیم197،ملائشیا190،ناروے 99،پرتگال 76،سویڈن63،آسٹریلیا52،تھائی لینڈ32،فرانس30،انڈونیشیا 21،ڈنمارک28،یواے ای 13،انڈیا11،کویت،8،افغانستان5کیس سامنے آگئے ۔ سپین میں کروناوائرس سے تین بھی پاکستانی متاثرہوگئے ۔ ایک متاثرہ پاکستان کو ہسپتال جبکہ دو کو قرنطینہ میں رکھا گیاہے ۔متاثرہ افریقی ممالک کی تعداد بیس ہوگئی ہے ۔بھارت میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 108 ہو گئی،تامل ناڈو میں کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر مال، تھیٹرز اور تلنگانہ میں سکول و کالج بند کر دیئے گئے ۔انڈامان اور نکو بار جزائر میں تمام سیاحتی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ آندھرا پردیش میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔سعودی عرب میں شاپنگ مال اور ریستوران بند کردیے گئے ۔ روس نے پولینڈ اور ناروے کیساتھ اپنی زمینی سرحد غیر ملکیوں کیلئے بند کردی ۔گوئٹے مالا میں حکام نے امریکہ اور کینیڈاسمیت کرونا سے متاثرہ ممالک سے سیاحوں اور دوسرے لوگوں کی آمد پرپابندی کا اعلان کیا ہے ۔کولمبیا نے قرنطینہ کے اصول توڑنے پر چار یورپی سیاحوں کوملک بدر کر دیا۔ اردن نے زمینی سرحدیں ، سکول ، مذہبی عبادت گاہیں بند اور عوامی اجتماعات پر پابندی کا اعلان کر دیا۔چین نے بیجنگ آنیوالی تمام بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کو لازمی قرنطینہ میں بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں آنیوالے ہر شخص کو 14روز کیلئے لازمی ذاتی علیحدگی میں رہنا پڑے گا ۔ مسجد الاقصیٰ اور قبۃ الصخرہ کو احتیاطی تدابیر کے تحت عارضی طور پر بند کردیا گیا۔فرانس نے ریسٹورنٹس اور کیفوں سمیت تمام غیر ضروری پبلک مقامات بند کرنے کا اعلان کردیا ۔کینیا نے تمام سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔جمہوریہ چیک میں تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔چیک جمہوریہ میں ایمرجنسی نافذ ہے اور ہمسایہ ممالک کیساتھ سرحدوں کو عارضی بند رکھا گیا ہے ۔ ایرانی حکومت نے مشہد میں حضرت امام رضا ؓ کا مزار تاحکم ثانی بند کر دیا ہے جبکہ عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں رہیں اور اشدضرورت کے بغیر باہر نہ نکلیں۔ایلسلواڈور اور قازقستان نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عوامی اجتماعات اور مقامات پر پابندی عائد کر دی جبکہ بیرون ملک سے آنیوالوں کا داخلہ بھی بند کر دیا ۔عراق نے دارالحکومت بغداد میں کرفیو نافذ کر دیا۔ قطر نے 23ارب ڈالر مختص کر دئیے اور اعلان کیا ہے بدھ سے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائیگی۔ متحدہ عرب امارات نے کرونا کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ایک کھرب درہم کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کرونا وائرس سے امریکہ کی 65فیصد آبادی متاثر ہوسکتی ہے جبکہ 17لاکھ افرد ہلاک بھی ہوسکتے ہیں۔ امریکی ادارہ سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن(سی ڈی سی)نے انتباہ جاری کردیا۔