مکرمی!پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز اور ورلڈ وایڈ فنڈ پاکستان کی شائع شدہ رپورٹ کے مطابق لاہور شہر میں زیر زمین پانی کی سطح ہر سال 0.9 میٹر نیچے جا رہی ہے۔شہر میں جو زیر زمین پانی50فٹ پر میسر تھا اس وقت 130 فٹ یعنی 40میٹر پر دستیاب ہے لیکن اگر فوری اور موثر اقدامات نہ کئے گئے تو 2025تک پانی 230فٹ یعنی 70 فٹ پر میسر ہو گا۔ رپورٹ میں اس بات کا عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ اگراس ضمن میں بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو خدا نخواستہ 2040 ء تک لاہور شہر میں زیر زمین پانی بالکل ختم ہو سکتا ہے جوکہ نہایت خوفناک صورت حال ہو سکتی ہے۔ لاہور شہر میں پانی کے اس ممکنہ بحران سے نبٹنے کیلئے شہر میں پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے او ر پانی کے ذخائر بنانے کے لیئے حکومت پنجاب، شہری حکومت اور لاہور کے باسیوں کو اجتماعی وانفرادی سطح پر نہایت سنجیدہ کوششیں درکار ہیںبہتر ہو گا حکومت ہر گھر کو بارش کے پانی کو زیر زمیں منتقل کرنے کی پابند کرے اس کے علاوہ ضلعی حکومت بھی راوی کے پانی کو ہاروسٹ کرنے کے انتظامات کرے تاکہ اس تاریخی اور بے مثال شہر کو جو صدیوں سے شاد و آباد ہے بنجر ہونے سے بچایا جا سکے۔ (محمد عرفان ملک۔لاہور)