لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے لیبر انصر مجید خان نیازی اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ نے لاہور چیمبر میں لیبر ڈیپارٹمنٹ ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کر دیاجس کے بعد لاہور چیمبر اپنے ممبران کی سہولت کیلئے دس سے زائدمختلف ہیلپ ڈیسک رکھنے کی وجہ سے تمام چیمبرز میں سب سے آگے ہے ۔ اس موقع پرلاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد ، اس موقع پر سیکریٹری لیبر سارہ اسلم، ڈائریکٹر جنرل لیبر فیصل نثار ، کمشنر پیسی تنویر اقبال تبسم ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران خادم حسین اور عاقب آصف بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور چیمبر میں قائم لیبر ہیلپ ڈیسک سے تاجر برادری اور محکمہ کے مابین فاصلہ کم ہو گا ، ساتھ ہی یہ ہیلپ ڈیسک لاہور چیمبر کے ممبران کے مسائل کے جلد حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے تاجر برادری کی خدمت اور معاشی بحالی کے لئے حکومت کی کاوشوں کو آگے بڑھانے پر لاہور چیمبر کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ان معاشی اہداف کے حصول کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلد ہی لیبر ڈیجیٹل کارڈ جاری کیا جائے گا جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں لیبر وومن ہاسٹل کے قیام اور ٹیکسوں کو یکجا کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لیبر ہیلپ ڈیسک لاہور چیمبر میں قائم گیارھواں فیسیلیٹیشن سینٹر ہے ۔