لاہور(خصوصی رپورٹر ) لاہور سے دو قومی اسمبلی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو گا اور ایک بار پھر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا امتحان ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کی دونوں نشستیں پی پی 164اور پی پی 165خالی کر دی ہیں جبکہ حمزہ شہباز نے این اے 124سے استعفیٰ دے کر صوبائی اسمبلی کی نشست برقرار رکھی ہے ۔ عمران خان نے این اے 131خالی دیا ہے ۔ چاروں نشستوں پر زبر دست مقابلوں کی توقع ہے ، عمران کی خالی کر دہ نشست پر ہمایوں اختر اور ولید اقبال امیدوار بننے کیلئے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں ۔ توقع ہے کہ ہمایوں اختر این اے 131سے امیدوار ہوں گے اور ان کے مقابلہ میں سعد رفیق ایک بار پھر میدان میں اتریں گے ۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو حمزہ شہباز کی خالی کر دہ نشست سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑوائے جانے کا امکان ہے ۔ ولید اقبال کو شاہد خاقان عباسی کے مقابلہ میں امیدوار بنائے جا نے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ شہباز شریف کی خالی کر دہ صوبائی نشستوں پر تحریک انصاف منشا سندھو اور شعیب صدیقی کو امیدوار بنائے گی۔ ضمنی الیکشن