لاہور(سلیمان چودھری ) لاہور میں سمارٹ سمپلنگ کے نتیجے کے مطابق ورکنگ کلاس کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے سمارٹ سمپلنگ میں پارکس میں کام کرنے والے 13فیصد افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا،کورئیر سروس میں کام کرنے والے افراد میں کورونا وائرس کی شرح 10 فیصد رہی جبکہ 10 فیصد فارمیسی پر کام کرنے والے افراد متاثر ہوئے ،شہرکے دکانداروں میں کورونا وائرس کے مثبت افراد کی شرح 7 فیصدآئی ،میڈیا ہاؤسز میں کام کرنے والوں میں6 فیصد کورونا مثبت آیا،صوبائی دارالحکومت لاہور کی آبادی کا مجموعی طور پر 5 فیصدکورونا وائرس سے متاثر ہوا۔وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ہسپتال کے عملے میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد ہے ،مساجد کا عملہ اور نمازی بھی 5 فیصد متاثر ہوئے ،فیکٹریوں، ڈیپارٹمنل اور گراسری سٹورز پر کام کرنے والوں کی بھی پانچ، پانچ فیصد رپورٹس مثبت آئیں،ریسٹورنٹس اور پٹرول پمپس کے عملے کے کورونا وائرس مثبت آنے کی شرح 4 فیصد رہی،ہوسٹلز میں رہنے والے 3 فیصد جبکہ سرکاری دفاتر میں دو فیصد عملہ متاثر ہوا،اس ورکنگ کلاس کی اگر ٹائون کے لحاظ سے بات کی جائے تو شالیمار ٹائون میں کورونا وائرس کا پھیلائو 9فیصد تک ہے ، راوی ٹائون میں 6.46، نشتر ٹائون 4.63، گلبر گ ٹاون 3.94، واہگہ ٹاون 3.67، سمن آباد ٹائون3.58، علامہ اقبال ٹائون 3.36اور داتا گنج بخش ٹائون میں یہ شرح 2.42فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔