اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) جوہرٹائون لاہور دھماکے میں بھارت ملوث ہے ۔ پاکستان نے شواہد دنیاکے سامنے پیش کردیئے ۔ وزیراعظم عمران خان نے ایکٹویٹ میں کہا ہے کہ پا کستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے ، جوہرٹائون دھماکہ پاکستان کے خلاف انڈین سپانسرڈ دہشت گردی تھی۔ وزیراعظم نے کہاکہ دھماکے کی تحقیقات میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی نے تیز اوربہترین کام کیا جو سراہتاہوں ، تحقیقات میں سول ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بہترین کوآرڈی نیشن رہی، اس کوآرڈی نیشن سے دہشت گردوں کے بین الاقوامی رابطوں کی نشاندہی ہوئی۔ انہوں نے کہا اپنی ٹیم کو ہدایت کی جوہرٹائون دھماکے کی تحقیقات سے قوم کو آگاہ کیاجائے ،اس دھماکے کی منصوبہ بندی اورفنانسنگ انڈیا میں کی گئی۔ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عا لمی برادری بھارت کے مکار رویہ پر اداروں کو متحرک کرے ۔ علاوہ ازیں مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری اور آئی جی پنجاب انعام غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘سے ہے ، شواہدکودیکھتے ہوئے وثوق سے کہا جا سکتا ہے دھماکے میں بھارتی حکومت ملوث ہے ،بھارت کااصل چہرہ دنیاکے سامنے لائیں گے ۔معید یوسف نے کہا کہ لاہور دھماکے کی تمام فنڈنگ بھارت سے ہوئی ، بھارت نے تیسرے ملک کے ذریعے پیسے بھجوائے ،دنیاکوتمام شواہدسامنے رکھتے ہوئے کارروائی کرنی چاہئے ،نیٹ ورک میں شامل لوگوں کے نام ابھی نہیں بتاسکتے ،ہمارے پاس تمام شواہداورنام موجودہیں،اس سارے واقعہ میں بھارت ملوث ہے ،ماسٹرمائنڈ اور دیگرکارندوں کاتعلق بھارت سے ہے ،بھارت کی یہ پہلی بارکارروائی نہیں ہوئی،ہم بارہاکہتے رہے ہیں بھارت دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ،جس روزدھماکہ ہوا،اسی روزکافی زیادہ سائبرحملے بھی ہوئے ،سائبرحملے ہماری تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے کئے گئے ،ہم سائبرسکیورٹی پرکام کرکے کافی مضبوط ہوچکے ہیں،عیدگل افغانستان کارہنے والاہے لیکن پاکستان میں ہی پلابڑھا،ہم بارہاکہہ چکے ہیں افغان مہاجرین کوواپس بھیجنے کابندوبست کیاجائے ،دہشتگردعناصرپاکستان میں موجود30لاکھ افغان مہاجرین میں خودکوچھپالیتے ہیں،ہم چاہتے ہیں عالمی قوانین کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی ہو،کوئی ابہام نہیں کہ معاملہ کہاں سے شروع ہوا،فنڈنگ کہاں سے ہوئی،دہشتگردوں کے نام بھی ہمارے پاس موجودہیں۔معیدیوسف نے کہاایک طرف بات کرنے کاکہتے ہیں،دوسری طرف پاکستانی شہریوں کونشانہ بناتے ہیں،پہلے بھی پاکستان کے ڈوزیئرپردنیانے خاموشی اختیارکئے رکھی،دنیاجواب دے نہ دے ، ہم دنیاکوبھارت کااصلی چہرہ دکھاتے رہیں گے ،پاکستان کے نہتے شہری مرتے رہیں اورہم خاموش بیٹھے رہیں، ایسانہیں ہوسکتا،تمام ترشواہدکے باوجوددنیاخاموش رہی توظاہرہوجائیگادنیاامن نہیں چاہتی،فیٹف سمیت بہت سے فورمزہیں جنہیں شواہدکی بنیادپرتحقیقات کرنی چاہئے ،جب بھارت کیخلاف شواہدمل جائیں توانہیں دنیاکے سامنے رکھیں اورکارروائی کریں۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا جوہرٹائون دھماکے کے ملزمان کوگرفتارکرلیاگیا،دھماکے میں تین شہری جاں بحق اور22زخمی ہوئے تھے ،دھماکے سے 12گاڑیوں اور7گھروں کونقصان پہنچا،دھماکے میں ساری کارروائی کو پلان کرنے والے اور اس کو عملی جامہ پہنچانے والے سامنے آگئے ، سب سے پہلے پیٹر جس کی عمر56 سال ہو گی، پاکستانی شہری ہے ،پیٹرپال کراچی کارہنے والا،دھماکے میں بنیادی کرداراداکیا،پیٹرپال زیادہ ترپاکستان سے باہررہاہے ، بیرون ممالک ہوٹل چلاتا رہا، پیٹر نے پاکستان کے باہر کے ساتھ سارا پلان کنیکٹ کیا، پیٹر نے گاڑی کا انتظام کیا، ایسی گاڑی جو چھینی گئی تھی، انجن ٹمپرڈ تھا اور سپرداری پر تھا، وہیکل جن کے ذریعہ تلاش کی، ان تک ہم پہنچے ،اس گاڑی کو ٹیسٹ رن بھی کیا، وہ لوگ ہمارے پاس ہیں،باہر سے پیٹر کو جو فنڈنگ ہوئی اور فون ریکارڈ سب ہمارے پاس موجود ہے ، جن کے ذریعہ کاروائی ڈالی گئی ان تک بھی پہنچ گئے ،پیٹرپال کے جن لوگوں سے روابط رہے ،انکاریکارڈہمارے پاس ہے ،پیٹرپال نے دھماکے کیلئے عیدگل کوذمہ داری دی ،وہ بھی ہمارے پاس ہے ،عیدگل نے گاڑی میں دھماکہ خیزموادنصب کیا،عیدگل ریکی بھی کرتارہا،22تاریخ کوعیدگل نے رکشے میں مکمل ریکی کی،روٹ کے حوالے سے تمام تفصیلات عیدگل کے علم میں تھی،عیدگل افغان نژادلیکن ساری عمرپنجاب میں گزری،پنجابی زبان پردسترس کی وجہ سے کسی کوعیدگل پرشک نہیں ہوا،عیدگل موٹروے پر12گھنٹے کاسفرکرکے لاہورجوہرٹائون پہنچا،ملزم نے کالے رنگ کی گاڑی زیرتعمیرمکان کے سامنے کھڑی کی،یہاں ایک پولیس پکٹ ہے اورپولیس موبائل بھی کھڑی رہتی ہے ،دھماکے سے دو پولیس اہلکارشہیدہوئے ،دھماکے میں 20کلودھماکہ خیزمواداستعمال ہوا،دھماکے کے بعدگاڑی کاایک ٹکڑابھی نہیں ملا،دھماکے میں ملوث پاکستان میں موجودتمام لوگوں کوپولیس گرفتارکرچکی،کچھ لوگوں کے نام ہمارے پاس ہیں اورانہیں چیک کیاجارہاہے ،یہ پوراگروہ ہمارے سامنے کھلی کتاب کی طرح موجودہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت براہ راست ملوث ہے ، بھارتی حکومت اوراسٹیبلشمنٹ پاکستان میں دہشتگردی کرا رہی ہیں، لاہور دھماکے میں ملوث سارا گینگ ہمارے قابو میں ہے ، دہشتگرد گروہ کیخلاف کامیاب کارروائی پر ایس ٹی ڈی، پولیس سمیت تمام ایجنسیوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔پریس کانفرنس میں دہشتگردوں کی فون کال ریکارڈنگزسنائی گئیں،تصاویراورسلائیڈزکے ذریعے ملزمان کی منصوبہ بندی ،کارروائی اورگرفتاری کے متعلق آگاہ کیاگیا۔