اسلام آباد(نامہ نگار) لاپتہ افراد کے لئے قائم قومی کمیشن نے 31اکتوبر2019 تک 4203 کیسز نمٹا دیئے ۔کمیشن کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی ذاتی کوششوں کے نتیجہ میں یہ نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ کمیشن سے جاری رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2019 کے دوران 59کیسز موصول ہوئے جس کے بعد جبری طور پر لاپتہ ہونے والے افراد سے متعلق کیسز کی تعداد مجموعی6431 ہو گئی جن میں سے کمیشن نے 31 اکتوبر 2019 تک 4203 کیسز نمٹا دیئے ۔ انکوائری کمیشن نے اکتوبر2019کے مہینے میں720سماعتیں کیں جن میں سے اسلام آباد میں 311سماعتیں، کراچی میں 249 , پشاورمیں77 او ر لاہورمیں 83سماعتیں کی گئیں۔ اس سارے عمل کے دوران کمیشن کے چیئرمین اور دیگر ممبران نے نہ صرف لاپتہ فرد کی فیملی کا مؤقف ذاتی طور پر سنا بلکہ ان کی جلد بازیابی کیلئے بھی بھرپور کوششیں کیں۔ لاپتہ افراد کے عزیز و اقارب نے بھی کمیشن کے سربراہ جسٹس جاوید اقبال کی گرانقدر کوششوں کو سراہا۔