لاہور(کامرس رپورٹر) معاشرے میں خصوصی افراد کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لیبارڈ) کے زیراہتما م واک کا اہتمام کیا گیا جس میں لیبارڈ کے صدر پرویز ملک، جائنٹ سیکریٹری سعید خان، ڈاکٹر اظہارہاشمی، ڈاکٹر عبدالحمید، شہزاد بھٹہ ، خصوصی افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محمد پرویز ملک اور سعید خان نے کہا کہ خصوصی افراد کا خیال رکھنا ہر ایک کا فرض ہے ، انہوں نے کہا کہ ان اقوام کا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے جو معاشرے کے پریشان حال طبقات کا خیال رکھتی اور ان کو ملک کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں ۔ انہوں نے خصوصی افرا دکی بحالی میں مدد کرنے والے مخیر صنعتی اداروں اور افراد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے معذور افراد کی باقاعدہ تعلیم اور فنی تربیت کے لئے ہر ممکن تعاون کرتے ہیں ۔