لاہور(اشرف مجید)سٹی ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس نے لاک ڈاؤن کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کا کمیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کرنا شروع کر دیا ہے دوسری بار پکڑے جانے کی صورت میں دفعہ 188کے تحت مقدمات درج کر کے تھانوں میں بند کیا جائے گا ، پہلی بار چالان یا وارننگ ہو گی،چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن(ر) سید حماد عابد کی جانب سے مختلف شاہراہوں پر سروے کے بعد شہریوں کو انکے گھروں تک محدود کرنے کے لئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس ضمن میں ٹریفک وارڈنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈبل سواری کرنے والے شہریوں سمیت گاڑی میں ایک سے زائد سوار افراد کے مکمل کوائف کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کریں ،ضلع پولیس کے اہلکار بھی ڈیٹا کا ریکارڈ سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ ان لائن شیئر کرے گا تا کہ اگر دوبارہ وہی شخص قانون کی خلاف ورزی کرے تو ٹریفک وارڈن سٹی ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ پر گاڑی یا موٹر سائیکل کا نمبر دیکھے گا ، اگر دوسری مرتبہ خلاف ورزی کررہا ہے تو اسے گرفتار کرلیا جائے گا، اس کی گاڑی بھی دو روز تک بند رکھی جائے گی، چیف ٹریفک آفیسر سید حماد عابد نے روزنامہ 92سے گفتگو کرتے ہوئے کہا افسوس کی بات ہے شہریوں نے کرونا کے حوالے سے اب تک سنجیدہ طرز عمل اختیار نہیں کیا، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور کار میں ایک سے زائد سواریوں کا سفر عام ہے ۔