لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نامہ نگار خصوصی، سٹاف رپورٹرز ) کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پنجاب بھر میں جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے اور گرفتاریاں کی گئی ہیں ، ضلعی انتظامیہ لاہور 144 سیکشن پر عمل کرانے کیلئے سرگرم ہوگئی ،فلاور مارکیٹ لبرٹی میں پھولوں کی ایک دکان کھلی ہونے کی اطلاع ملنے پر اسے سیل کردیا گیا، مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ لاہور پولیس مزید متحرک ہو گئی ، سی سی پی اولاہور ذوالفقار حمید نے بتایا پولیس ناکوں پر اب تک 46 ہزار 667 شہریوں سے پوچھ گچھ کی گئی، 36 ہزار 170 گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی گئی، 43 ہزار 370 کو وارننگ دی گئی، 475 کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا، ایک ہزار 940 افراد سے دوبارہ سڑک پر نہ آنے کا حلف لیا گیا،شہری حالات کی سنگینی کا ادراک کریں اور گھروں تک محدود رہیں، لاہور میں پولیس نے ڈبل سواری اور پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 319 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کئے ،راولپنڈی پولیس نے بھی حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائیاں جاری رکھیں اور 21 مقدمات درج کئے اور 45 افراد کو گرفتار کرلیا، اسلام آباد میں وفاقی پولیس نے دفعہ144 کی خلاف ورزی پر مزید 22 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے ، شہر میں کھولی جانے والی دکانوں کے لئے ایس او پیز مختص کئے گئے ہیں۔