نیویارک(نیٹ نیوز)لاک ڈاؤن پر گوگل نے پاکستانی عوام کی نقل و حرکت پر رپورٹ جاری کردی۔گوگل نے سٹیشنز، کام کی جگہوں، تفریحی مقامات اور دیگر جگہوں پر عوامی نقل و حرکت کا جائزہ لیا ۔کمیونٹی موبیلٹی رپورٹ کے مطابق لاک ڈاؤن سے پاکستان میں ریٹیل اور تفریحی مقامات میں عوامی نقل و حرکت میں 70 فیصد کمی دیکھنے میں آئی جس میں ریسٹورینٹس، کیفے ، شاپنگ سینٹرز، سنیما، لائبریری اور دیگر مقامات شامل ہیں۔دوسری جانب سپر مارکیٹس اور میڈیکل سٹورز میں عوام کی نقل و حرکت میں 55 فیصد کمی جب کہ پارکس میں 45 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔گوگل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق لوگ پہلے کی نسبت 18 فیصد زیادہ گھروں میں رہ رہے ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی عوام کی نقل و حرکت میں 62 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔