لاہور(عمران راج )شوبز ستاروں نے پنجاب میں لاک ڈائون کی حمایت کردی ۔ فنکاروں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے 14دن کیلئے لاک ڈائون کا بہت اچھا فیصلہ کیا ہے ۔ اداکارہ ثنا فخرنے کہا کہ اس وقت تمام پاکستانیوں کو اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی خیال رکھنا چاہیے ۔ شہری بھی زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں۔ اداکار ہ نرگس نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کرونا وائرس کوئی مذاق نہیں بلکہ ایک سنگین وائرس ہے جس کے باعث احتیاط کرنی چاہیئے ۔ ماہرہ خان، عدنان صدیقی، میشا شفیع، عائشہ خان، شرمین عبید چنائے ، ایچ ایس وائی، آمنہ شیخ، ثروت گیلانی، سرمد کھوسٹ، فیصل کباڈیا، احسن خان اورمیرا سیٹھی نے ویڈیو پیغامات میں کہا ہے کہ عوام گھروں میں قرنطینہ ہوجائیں ۔ آپ سب کرونا کے بارے میں جان چکے ہیں پھرہم یہ ویڈیو کیوں بنا رہے ہیں، اس لیے کہ اس وقت سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہو۔ ہمیں کسی بھی قسم کے میل جول سے دوررہنا ہوگا۔ اس صورتحال میں احتیاط علاج سے بہتر ہے ۔ بار بار ہاتھوں کو دھوئیں، لوگوں سے فاصلہ رکھیں، بازار یا دیگر رش والے مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے ۔