اسلام آباد(92 نیوزرپورٹ، صباح نیوز) وفاقی حکومت نے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈائون کے حوالے سے اہم فیصلوں کیلئے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا ۔ وزیراعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں عسکری حکام اور این ڈی ایم اے کے ماہرین بریفنگ دیں گے ۔قومی رابطہ کمیٹی باہمی مشاورت سے لاک ڈائون میں نرمی یا مزید سختی کا فیصلہ کرے گی، قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں کورونا وائرس کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات پر غور ہو گا، قومی رابطہ کمیٹی ٹرین سروس کو مزید فعال کرنے پر مشاورت کرے گی۔اجلاس میں این سی او سی کے فیصلوں کی توثیق ہو گی۔ کراچی(رپورٹ:ایس ایم امین)سندھ حکومت نے کوروناوائرس پرقابو پانے کے لیے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے لیے اپنا کیس تیارکرلیا ،31 مئی کو این سی سی اجلاس میں سندھ حکومت صوبے میں مزید 14روزکے لئے لاک ڈاؤن کامطالبہ کرے گی۔وزیراعلی سندھ وزیراعظم کوسندھ کی صورتحال اورلاک ڈاؤن میں توسیع کے حق میں بریفنگ دیں گے ۔وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت اجلاس میں ویڈیولنک پروزرائے اعلی،وفاقی وزرا،متعلقہ حکام، عسکری حکام اوراین ڈی ایم اے کے ماہرین بھی شرکت کریں گے ۔ معتمدترین ذرائع کاکہنا ہے سندھ میں کورونا کی بے قابو صورتحال اوراموات کی شرح میں اضافے کی بنیاد پرسندھ حکومت قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں اپنا کیس دلائل کے ساتھ پیش کرے گی اور طبی ماہرین اورعالمی اداہ صحت سے وابستہ بعض اہم شخصیات کی کوروناکے خاتمہ کے لئے سفارشات کی بنیاد پرمزید لاک ڈاؤن کرنے کے لیے اپنی تجاویز پرقومی رابطہ کمیٹی کواعتماد میں لے گی۔ سندھ کے تاجروں اور وزیراعلی سندھ کی مشاورت میں تاجروں نے صوبے میں لاک ڈاؤن مکمل ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے ، بین الصوبائی اورمقامی ٹرانسپورٹ کی بحالی کے معاملے پربھی سندھ حکومت اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ تاجروں کا موقف بھی اجلاس میں رکھیں گے ۔