لا ہو ر ، اسلام آباد ، کراچی (کر ائم ر پو ر ٹر ، سٹاف رپورٹرز ) کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن ہے ، تیسرے روز لاہور میں اب تک500سے زائد ناکہ جات لگائے جا چکے ، ناکہ جات امن و امان اور شہریوں کوغیرضروری سفر سے باز رکھنے کے لئے ہیں 17ہزار822اشخاص کی چیکنگ کی گئی،غیر ضروری سفر والے افرادکوواپس گھروں کو بھیجاگیا، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پراب تک272ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا، 7987سے زائد موٹر سائیکلز، رکشوں،کاروں اور بڑی گاڑیوں کو غیر ضروری سفر سے روکاگیا ۔ اسلام آباد میں بھی دفعہ 144 کی خلاف وزری پر 22 مقدمات درج کرکے 116 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کراچی میں آئی جی سندھ مشتاق مہر کی واضح ہدایت کے باوجود پولیس کی جانب سے شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، لاک ڈاؤن کے چوتھے روز مجموعمی طور پر 937 افراد کو خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر کے 281 مقدمات درج کئے گئے ۔