لاہور(اشرف مجید) سٹی ٹریفک پولیس میں کورونا لاک ڈائون کے دوران سرکاری پٹرول کے غیر قانونی استعمال کا انکشاف ہو ا ہے ،سی ٹی او کا او ایس آئی ہونے پر افسران نے کاروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کر لی ،محکمہ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا،صورت حال کا علم ہونے پر تمام ٹیسٹنگ برانچوں میں کھڑی سرکاری گاڑیوں اور انکے پٹرول کے ریکارڈ کی چیکنگ شروع کر دی ،تفصیلات کے مطابق لاک ڈاون کے دوران 18مارچ سے 31مئی تک تمام ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ بند کئے گئے تھے اس دوران سی ٹی او دفتر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لئے استعمال کی جانے والی گاڑی نمبر ایل ای جی 5098 مناواں لائن میں کھڑا کروایا جاتا تھا لیکن سی ٹی او کے او ایس آئی احسان سانگا نے گاڑی کو خود اپنے ذاتی استعمال کرنے کے لئے استعمال شروع کر دیا ،گاڑی کو روزانہ 10لٹر پٹرول دیا جاتا تھا ، سی ٹی او لاہور کی جانب سے تمام ٹیسٹنگ برانچوں میں کھڑی سرکاری گاڑیوں اور انکے پٹرول کے استعمال کی چیکنگ شروع کر دی گئی ہے ،اس حوالے سے ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر شہزاد خان نے روزنامہ 92سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ گاڑی سی ٹی او آفس ڈرائیونگ لائسنس ٹیسٹ کے لئے تھی ٹیسٹنگ بند ہونے کے دوران سرکاری گاڑی اور سرکاری پٹرول کے استعمال بارے انکے علم میں نہیں لیکن وہ ضرور اسے چیک کرائیں گے۔