کراچی ( کامرس رپورٹر )ملک میں حالیہ لاک ڈائون کی وجہ سے ادویہ ساز صنعت کے ملازمین اور سپلائی ٹرانسپورٹ کو شدید مشکلات درپیش ہیں ، فارما صنعت کو استثنیٰ کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پابندی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے خدشہ ہے کہ ملک میں ادویات کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔فارما بیورو نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ دوائوں کی ترسیل اور بلارکاوٹ ملازمین کو لانے والی گاڑیوں کو سہولت فراہم کی جائے تاکہ ملک میں دوائوں کی تیاری اور ان کی ترسیل کا نظام متاثر نہ ہو۔ ماہرین کی یہ آراء ہیں کہ اگرنازک دور میں مینوفیکچرنگ کا نظام متاثر ہوگا تو حالیہ صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔پاکستان کی ادویہ ساز صنعت کی مالیت اس وقت تقریباً 450 ارب روپے ہے اور ملازمین کی سب سے زیادہ تعداد رکھنے والی صنعتوں میں ایک ہے۔ اس وقت صنعت سے 900 کمپنیاں منسلک ہیں اور ہر سال دوہرے ہندسے کی شرح سے اس میں اضافہ ہورہا ہے۔