اسلام آباد (صباح نیوز)پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں کاپارلیمانی وفد یوروایشین ممالک کے پارلیمنٹ کے سپیکرزکی چوتھی کانفرنس میں شرکت کے لیے قازقستان روانہ ہوگئے ، بھارتی سپیکر سے ملاقات کا امکان ہے سب سے بڑی عالمی سپیکرز کانفرنس ہورہی ہے ۔ 84یورپی اور ایشیائی ممالک کے پارلیمنٹس کے سربراہان اور 16 بین الاقوامی و بین پارلیمانی تنظیموں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے ۔ پاکستان کا نمائندہ پارلیمانی وفد مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف جاری بھارتی جارحیت کو اجاگر کریں گے ۔ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم اور 50 دن سے جاری محاصرہ کے اثرات سے شرکاء کانفرنس کو آگاہ کیا جائے گا۔ بھارتی مظالم کے خلاف عالمی رائے کو ہموار کرنے کے لیے اہم ممالک کے مندوبین سے ملاقاتیں کریں گے ۔قومی اسمبلی وفد کی قیادت سپیکراسد قیصر جب کہ سینیٹ وفد کی قیادت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کر رہے ہیں ۔اجلاس قازقستان کے دارالحکومت نور سلطان (آستانہ)میں 23 سے 25ستمبرہوگا ،تمام ایشوززیر بحث لائے جاسکتے ہیں مشترکہ قراردادمنظور کی جائے گی۔