لداخ (نیٹ نیوز) لداخ بارڈر پر چین سے کشیدگی میں شدت کے بعد بھارت نے لانگ رینج براہموس میزائل لداخ میں نصب کرنا شروع کردیئے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت نے 450 کلو میٹررینج والے میزائل براہموس کا کامیاب تجربہ کرنے کے بعد میزائل لداخ بارڈر پر منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارت نے 800 کلومیٹر کی رینج والے نربھے کروز میزائل بھی لداخ میں نصب کردیئے ہیں۔یہ اقدامات بھارت اور چین کے درمیان حالیہ بیان بازی کے بعد صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے بدھ کے روز اڑیسہ میں براہموس سپرسانک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ براہموس سپرسانک میزائل بھارت نے خود تیار کیا ہے اور اسے مستقبل کا اہم ہتھیار قرار دیا جارہا ہے ۔بھارتی ڈیفنس ریسرچ کے ادارے کے مطابق میزائل کے تجربے میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا پراجیکٹ پی جے 10 استعمال کیا گیا ہے ۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے تبت اور شن جیانگ میں ایئر ٹو ایئر میزائل نصب کرنے کے بعد بھارت نے سب سانک میزائل نربھے بھی لداخ بارڈر پر نصب کردیئے ہیں تاکہ پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے کسی بھی قسم کے حملے کا فوری جواب دیا جا سکے ۔ واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان تازہ کشیدگی چینی دفتر خارجہ کے بیان کے بعد بڑھ گئی تھی جس میں چین نے بھارت کی لداخ میں تعمیرات کو غیر قانونی کہا تھا۔ اس کے جواب میں بھارت نے چین کے ساتھ ملحقہ سرحد لائن آف ایکچوئل کنٹرول ( ایل اے سی) کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔