ملتان روڈ کی تعمیر تاخیر کا شکار ہونے سے مسافر سفری سہولیات سے محروم ہیں‘ لاہور سے جب ملتان کا سفر کریں تو ٹھوکر نیاز بیگ سے آگے شاہ پور کے قریب ایک برس سے سڑک زیر تعمیر ہے۔ یہاں پر روزانہ لاکھوں گاڑیاں گزرتی ہیں لیکن روڈ کی ٹوٹ پھوٹ سے شہری اذیت سے دوچار ہیں۔دوران سفر اچھل کود کی صورت میں جو تکلیف اٹھانی پڑتی ہے اس سے کئی لوگوں نے تو ملتان روڈ سے سفر کرنا ہی چھوڑ دیا ہے، اگر آپ لاہور سے ملتان کا سفر کریں تو ٹول پلازہ کی مد میں آپ کو 1200روپے ادا کرنا پڑتے ہیں۔ جبکہ اس سڑک پر روزانہ 10لاکھ گاڑیاں گزرتی ہیں، یوں صرف 24گھنٹوں میں 9کروڑ روپے وصول ہوتے ہیں،جو ماہانہ 3ارب 36روپے جبکہ ایک سال کے 37ارب روپے بنتے ہیں،اگر اس کا عشر عشیر بھی سڑک کی تعمیر و مرمت پر لگا دیا جائے،تو یہ سڑک نہ صرف موٹر وے جیسی آرام دہ ہو بلکہ اس کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو۔سڑک پر بھاری ٹریلروں اور کنٹینروں کی آمد رفت سے کئی مقام سے سڑک بیٹھ چکی ہے یہی حال شاہدرہ سے راولپنڈی تک جی ٹی روڈ کا ہے،جس پر سفر کرنا اذیت سے کم نہیں ہے،حکمران طبقہ خود تو موٹر وے اور جہاز کے ذریعے سفر کرتا ہے لیکن غریب عوام کو ملتان روڈ اور جی ٹی روڈ کے ذریعے سفر کرنا پڑتا ہے۔حکومت نہ صرف سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنائے بلکہ جہاں جہاں پر جو کام ہو رہے ہیں انہیں بروقت تکمیل تک پہنچایا جائے۔