واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) شکاگو میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے پکڑے ہوئے تھے جن پر مودی حکومت کیخلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعریدرج تھے ۔ شکاگو کی فضا مودی ہٹلر کے نعروں سے گونجتی رہی۔خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی مظاہرے میں شریک ہوئی۔ مظاہرین پاکستان اور کشمیر کے پرچم فضائوں میں لہراتے رہے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے راجہ یعقوب کا کہنا تھا دور حاضر کا ہٹلر نریندر مودی کی شکل میں سامنے آیا ہے ۔یہ وہ ڈریکولا ہے جس کو ناحق خون پینے کی علت ہے ۔ڈاکٹر انعام حسین نے اپنے خطاب میں کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ ہمیں ملکر بھارت کے اوچھے ، غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کیخلاف آواز اٹھانی چاہیئے ۔ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔کشمیری رہنما جاوید راٹھور اور ڈاکٹر ذوالفقار نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جس طرح بھارتی بدمعاش فوج کی وردیاں پہن کر ناحق خون بہا رہے ہیں اور خواتین کی عزت و آبرو سے کھیل رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب آر ایس ایس کے بت پاش پاش ہوں گے اور کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی ۔مظاہرے سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔