حیدرآباد،لاہور(بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) سہون میں صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر رحمت اﷲ علیہ کے 767 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز کل ہوگا۔ عرس مبارک کے سلسلے میں تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پاک آرمی کے بریگیڈیئر عامر زاہد نے سہون پہنچ کر درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر رحمت اﷲ علیہ کا تفصیلی دورہ کرکے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔دریں اثنا پاکستان ریلوے کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی عرس شہباز قلندر کے لیے سپیشل ٹرینیں چلائی گئی ہیں،لاہور بھر کے مختلف علاقوں سے پیرکو زائرین سپیشل ٹرین کے ذریعے روانہ ہوئے ،اس موقع پر عقیدت مندوں نے پلیٹ فام پر دھمال ڈالی۔