لاہور( سٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ معیشت میں نام نہاد بہتری اور شرح نمو میں اضافہ کا اگر کسی کو فائدہ ہواہو گا تو وہ سرمایہ دار اور جاگیردار طبقہ ہے ، ملک کے 98 فیصد عوام کی حالت میں پہلے کوئی تبدیلی آئی اور نہ پی ٹی آئی کی ،لفظوں کے ہیر پھیر سے عوام کی حالت نہیں بدلے گی، ان خیالات کا اظہار انہو ں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس اور عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ امیر العظیم ، محمد اصغر اور قیصرشریف بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین کا پارلیمنٹ میں لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کو اٹھانا حکومتی کارکردگی پر بڑاسوالیہ نشان ہے ، صوبے اور وفاق ایک دوسرے سے ٹکرائو میں ہیں ، ثابت ہو گیا کہ تینوں بڑی پارٹیاں ایک ہی ایجنڈا پر کام کرتی ہیں جبکہ جماعت اسلامی پاکستان نے سات شعبہ جات میں امیر جماعت اسلامی کی معاونت کے لیے مشیروں کا تقرر کردیا ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق کشمیر امور کیلئے عبدالرشید ترابی ، افغان امور کیلئے شبیر احمد خان ، توانائی امور کیلئے ڈاکٹر بشیر احمد لاکھانی ، تعلیمی امور کیلئے پروفیسر محمد ابراہیم ، صحت کے امور کیلئے ڈاکٹر محمد واسع شاکر ، بلدیاتی امور کیلئے عنایت الرحمٰن خان اور زرعی امور کیلئے حافظ وصی محمد خان کو مقرر کیا گیاہے ۔