لاہور(نامہ نگار؍92 نیوز رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو پیغام بھیجا ہے گرم جگہ پر پاؤں نہ رکھیں، ن لیگ مذہبی کارڈ میں ان کے ساتھ نہیں ہو گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرزمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا پیپلزپارٹی اور ن لیگ فضل الرحمان کے ساتھ نہیں چلیں گے ، ہماری حکومت کیخلاف بہت زہریلا پراپیگنڈا ہو رہا ہے ، پروپیگنڈا میں فضل الرحمن کا مقصد کچھ اور ہو گا، آصف زرداری کی ٹیم نے پیسے دینے شروع کئے ہوئے ہیں،شہبازشریف کی سیاست امتحان میں ہے ، شہبازشریف میں لچک ہے ، وہ درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کر رہا ہے ، نوازشریف ضد کی وجہ سے بہت معاملات خراب کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے مظلوموں ،بے کسوں اور بے سہارا لوگوں کا کیس 27 ستمبر کو اقوام متحدہ میں لڑنے جارہے ہیں،میں کل خود بھمبراور سماھتی بارڈر پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جارہاہوں۔ انہوں نے کہا مجھے افسوس سے کہنا پڑتاہے کہ میڈیا کہتاہے کہ سی پیک ، پیک ہوگیا، یہ بہت بڑی زیادتی ہے ، چین ہمارا آزمودہ دوست ہے ، میں آپکو یقین دلاتاہوں کہ وزیر اعظم عمران خان ایم ایل ون کے ساتھ ہیں، وزیر اعظم نے مجھے خود بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے بعد 9 یا 10 اکتوبر کو چین جائوں گا۔انہوں نے کہا ہمارے خلاف یہ پراپیگنڈہ ہے کہ سی پیک ، پیک ہوگیاہے حالانکہ پلاننگ منسٹری سے میری بڑی اچھی ملاقات ہوئی ہے ،وہ آن بورڈ ہیں،میں بھی سی پیک کمیٹی میں شامل ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی جدوجہدآزادی میں ہر محاذ پر کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔وزیر ریلوے نے مزید کہا ننکانہ صاحب کو 15نومبر سے اپ گریڈ کریں گے ، اب ریلوے کی فریٹ ہولڈنگ اور لینڈ ٹارگٹ ہے ، فریٹ سیکٹر میں 15 ٹرینیں چلائوں گا۔