لاہور(خصوصی نمائندہ،خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہاکہ دو نہیں ایک پاکستان وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے ، نئے پاکستان میں انصاف، میرٹ اور قانون کی بالادستی ہوگی ، این آر او کا مطلب مقدمات واپس لینا ہے اور میرا قائد کسی کرپٹ کو این آر او دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا ،کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہتے ، دعا ہے کہ اﷲ تعالی نواز شریف کو صحت عطا فرمائے ،نیب آزاد ادارہ ہے ، نوازشریف اگر علاج کیلئے باہر جارہے ہیں تو انہیں واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کرتار پور راہداری کھول کر سکھ برادری کو ایک عظیم تحفہ دیاہے دوسری جانب بھارتی عدالت نے بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا فیصلہ دے کر مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے اور اس فیصلے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے عید میلادالنبی ؐکے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ 12 ربیع الاول کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیاں سیرت النبی ؐکے مطابق گزاریں ۔