لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نمائش ’’بلڈ ان دی ویلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر قانون و چیئرمین کشمیر کمیٹی پنجاب محمد بشارت راجہ نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔بشارت راجہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کسی صورت قبول نہیں، الحمرا بھرپور پروگرامز کا انعقاد کرکے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہاہے ،نمائش میں آویزاں مصوری کے یہ فن پارے دنیا کی توجہ کشمیریوں کی حق خودارایت کی جانب مبذول کروا رہے ہیں،عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کے خاتمے میں کردار ادا کرے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ 5فروری کا دن ہمیں کشمیریوں کی حق خودارایت کے حصول کے لئے بے مثال عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔