لاہور(اشرف مجید)چیف ٹریفک افیسر کیپٹن(ر) سید حماد عابد نے ہیلمٹ نہ پہننے والے شہریوں کے خلاف بھر پور کارروائی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ چالان کرنے پر نقد انعام اور سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا تحریری طور پر اعلان کر دیا ہے ،ٹریفک وارڈنوں کی کار کردگی رپورٹ3مارچ کو جاری کی جائے گی جبکہ آج سے لاہور بھر میں ہیلمٹ پر بھر پور کاروائی شروع ہو گی،ذرائع کے مطابق نئے آنے والے سی ٹی او کی جانب سے دونوں ڈویژنوں کے ایس پیز کو بھجوائے جانے والے مراسلہ نمبر2330\سی ٹی او میں لکھا گیا ہے کہ ہیلمٹ کے خلاف کاروائی اور چالان ٹکٹ ایشو کئے جانے کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے جو کہ خصوصی مہم میں عدم توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے لہذا دو نوں ڈویژنوں کے ایس پیز سمیت تمام سرکل افسران اور سیکٹر انچارجوں کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ آج سے لاہور بھر میں ہیلمٹ کے خلاف کاروائی کو تیز کر دیں اور چالان ٹکٹ زیادہ سے زیادہ جاری کریں ،اس ضمن میں سی ٹی او کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو کہ ٹریفک وارڈن آج سے 2مارچ تک زیادہ سے زیادہ ہیلمٹ پر چالان کرے گا اسے اچھی کار کردگی پر نہ صرف نقد انعام دیا جائے گا بلکہ اسے تعریفی اسناد سے بھی نوازا جائے گا جبکہ کم چالان کرنے والوں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ،سید حماد عابد کی جانب سے مراسلہ میں واضح کہا گیا ہے کہ سرکل افسران اچھی اور ناقص کار کردگی والے اہلکاروں کی رپورٹ 3مارچ کو سی ٹی او افس بھجوانے کے پابند ہونگے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس میں پہلی بار زیادہ چالان کرنے پر انعام اور سرٹیفکیٹ دینے بارے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا جس پر دونوں ڈویژنوں کے ایس پیز کی جانب سے سرکل افسران کو گزشتہ رات ہی آج سے بھر پور کاروائی کرنے بارے حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے ،آج لاہور بھر میں پوری ٹریفک پولیس کے اہلکار صرف ہیلمٹ نہ پہننے والے شہریوں کے خلاف بھر پور کاروائی کرے گی اور ہر سرکل افسر اپنی کار کردگی دکھانے کے لئے جگہ جگہ ناکے لگا کر زیادہ سے زیادہ چالان کرے گی تا کہ نئے سی ٹی او کو خوش کر سکیں ۔