لاہور(نامہ نگار)پی آئی اے کی لندن سے لاہور آنیوالی پروازPK758 کی 58 سالہ خاتون مسافر شہناز اخترکو دوران پرواز اچانک دل کی تکلیف ہوئی جس پر اسکی جان بچانے کیلئے کپتان نے فوری طور پر پرواز کا رخ موڑتے ہوئے طیارہ ماسکو اتار لیا۔ بتایا گیا ہے کہ دوران پرواز پی آئی اے کیبن کریو نے طیارے میں موجود تین ڈاکٹرز کی مدد سے خاتون مسافر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔خاتون مسافرکی طبی حالت کے پیش نظر طیارے میں موجود ڈاکٹرزنے مریضہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ طیارے کے کپتان خالد انور نے طیارے کو قریبی ماسکوایئر پورٹ اتار دیا جہاں سے مریضہ کو فوری طور پر روسی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہناز اختر کی طبی حالت اب بہتر ہے اور پی آئی اے نے لاہور میں انکے عزیز واقارب کو اسکی اطلاع دیدی ہے ۔ طیارہ دو گھنٹے ماسکو میں رکنے کے بعد اپنی منزل مقصود لاہور کے لئے پرواز کر گیا۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک اور چیف فلائٹ آپریشن آفیسر کیپٹن عذیر نے کاک پٹ کریو اور کیبن کریو کی خدمات کے اعتراف میں ان کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے ۔