لندن (غلام حسین اعوان، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)سول سوسائٹی اور پیٹریاٹک فرنٹ کی جانب سے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کی رہائشگاہ ایون فیلڈ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ تحریک انصاف برطانیہ نے لاتعلقی کا اعلان کیا اور اپنے کارکنان کو مظاہرے میں شرکت سے روک دیا۔گزشتہ روز اس موقع پر مظاہرین نے شریف فیملی کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور پاکستانی قوم کی مبینہ طور پرلوٹی ہوئی رقم کو واپس کرنیکا مطالبہ کیا۔ دریں اثنان لیگ کے کارکنوں اور مظاہرین میں تلخی کلامی ہوئی تاہم برطانوی پولیس نے بیچ بچائو کرایا۔مظاہرین نے ایون فیلڈ کا دروازہ بھی توڑنے کی کوشش کی۔پولیس نے مظاہرین کو گھر کے اندر جانے سے روکا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھر کے اندر موجود لوگوں کو باہر نہیں نکلنے دینگے ۔ مظاہرین مائیکروفون کے ذریعے شریف فیملی کیخلاف آوازیں کستے رہے ۔ نوازشریف، شہبازشریف اور فیملی کے دیگر لوگ گھر میں موجود تھے ۔دن میں شروع ہونے والا مظاہرہ رات تک جاری رہا۔دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی یوکے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نوازشریف ضمانت کی شرائط پرعمل پیرا رہے تو رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ نہیں کیا جائیگا۔ شرائط توڑنے یا ضمانت ختم ہونے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کر کے باقاعدہ اعلان کیا جائیگا۔