لندن (غلام حسین اعوان) لندن میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے اپنی تقرری کی اسناد بکنگھم پیلس میں ملکہ برطانیہ کو پیش کیں۔بکنگھم پیلس میں رسمی تقریب میں محمد نفیس زکریا نے ملکہ الزبتھ کو اپنی اسناد پیش کیں۔ جس پر ملکہ نے انہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ہائی کمشنر برطانیہ اور شمالی آئر لینڈ میں منظوری دی۔پاکستانی ہائی کمشنر نے اس موقع پر صدر، وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ملکہ برطانیہ، شاہی خاندان، حکومت اور برطانیہ کے لوگوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران دیا گیا پیغام اب بھی پاکستان کے لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے ۔ اس سے قبل ملکہ برطانیہ نے پاکستانی کمشنر اور ا ن کی اہلیہ کا بکنگھم محل میں گرم جوشی سے استقبال کیا۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے ملکہ نے حکومت، عوام اور پاکستان کی قیادت کے ساتھ اچھے تعلقات کی مزید مضبوطی کا بھی عندیہ دیا۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے 1961 اور 1997 میں اس تاریخی دوستانہ دوروں کی شاندار یادگاروں کو تازہ کرنے کیلئے ایک البم پیش کی۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نے پاکستانی دستکاری کے نمونے اور مزے دار آموں کی سوغات پیش کی۔ ملکہ برطا نیہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی تحفوں اور سوغات کی تعریف کی۔ملکہ کے ساتھ ملاقات کے بعد، ہائی کمشنر اور ان کی اہلیہ ہائی کمیشن واپس آئے جہاں پر ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈپلومیٹک برادری، پارلیمنٹ کے نمائندوں، پاکستانی و مختلف کمیونٹی اور میڈیا کے نمائند ے شامل تھے ۔