لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں ہیتھرو ائیر پورٹ کا اچانک بغیر منصوبہ بندی کے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا، درجنوں پروازوں کو مؤخر کردیا گیا یا دیگر ائرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا، ہیتھرو ایئرپورٹ پر اترنے سے روکی گئی درجنوں طیاروں کو جنوبی برطانیہ کے ائرپورٹس پر اتارا گیا اور مسافر شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ، اس دوران ایک پرواز میں پائلٹ نے اچانک اعلان کیا کہ طیارے میں صرف 5 منٹ کا ایندھن باقی رہ گیا ہے ، مسافر شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے ۔ برٹش ائیر ویز کی چار اور ورجن اٹلانٹنگ ائرکرافٹ کی ایک پرواز کو زبردستی ہیتھرو ائرپورٹ سے دور کرکے گیٹ ویک، سٹانسٹڈ اورلیوٹن کی ائرپورٹس پر اتارا گیا، کئی پروازوں کو موخر کردیا گیا۔ ورجن اٹلانٹک کی پرواز کے ایک مسافر نے بتایا کہ ان کے پائلٹ نے اعلان کیا کہ پانچ سے دس منٹ پرواز کا ایندھن باقی رہ گیا ہے اور اس لئے ہمیں گیٹ وک اترنا پڑے گا، پرواز کی خاتون مسافر نے بتایا کہ یہ بڑا خطرناک تھا جب ہیتھرو ائرپورٹ کا چکر لگانے کے بعد کیپٹن نے کہا خواتین و حضرات ہمارے پاس صرف 5 سے 10 منٹ کا ایندھن باقی رہ گیا ہے ۔ برطانوی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ اس کے ایک طیارے کو شہری پروازوں پر اپنی پرواز مکمل کرنے کیلئے اضافی وقت لینا پڑا تھا۔