لندن(ویب ڈیسک) دنیا میں سب سے تیزی سے پیزا بنانے والے پیزا ماسٹر نے اس سال بھی تیزترین پیزا بنانیکا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔زیگروس جیف نے پیزا بنانے والے ایک یورپی مقابلے میں 13 انچ پیزا صرف 27 سیکنڈ میں تیارکرکے تمام حلیفوں اور شرکا کو حیران کردیا ہے۔ اگر وہ اسی رفتار سے پیزا بناتے رہیں تو ایک گھنٹے میں 133 پیزا بناسکتے ہیں جو یقیناً ایک دوسرا ریکارڈ ہوگا۔اپنی اسی صلاحیت کی بنا پر انہوں نے پورے یورپ میں تیزترین پیزا بنانے کا اعزاز مسلسل اپنے نام کرلیا ہے جو ان کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس مقابلے میں یورپ سمیت پوری دنیا سے ایسے پیزا شیف آئے تھے جو تیز ترین اور لذیذ پیزا بنانے پر مہارت رکھتے تھے۔مقابلے میں ہر شیف کو 13 انچ قطر کے تین تین پیزا بنانے تھے جن میں پیپرونی کے 40 ٹکڑے، 140 گرام مشروم، 198 گرام پنیر اور ٹماٹر وغیرہ ڈالنے تھے۔ مقابلے کے جج بہت سخت اور اصول پسند تھے اور ان کا تقاضہ تھا کہ کسی بھی طرح پیزا کا معیار کم نہ ہونے پائے۔اس کی ایک مثال یہ ہے کہ اگر پیزا کی روٹی یا ڈو مطلوبہ لمبائی تک نہ پہنچے یا پیپرونی غلط لگ جائے تو ہر غلطی پر 15 سیکنڈ کی کی سزا دی گئی تھی یعنی وقت میں 15 سیکنڈ بڑھا دیئے گئے تھے۔ اسی بنا پر یہ مقابلہ بہت ہی مشکل تھا۔تاہم زیگروس جیف نے اپنی انتہائی مہارت سے انعامی ٹرافی اپنے نام کرلی۔