اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ لوٹ مار کی سیاست کو پروان چڑھانے والے ٹھگ پاکستان کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ چالیس سال سے جمہوریت کی آڑ میں غریب عوام کا خون نچوڑنے والے شرم سے عاری لوگ ہیں۔ پاکستان ڈاکو موومنٹ کے ڈرامے باز نوٹنکیوں کا میڈیا پر واویلا روز کا معمول بن چکا ۔ شہباز گل نے بیان میں مزید کہاکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، مثبت اشارے درباریوں اور مفاد پرست ٹولے کیلئے باعث تکلیف ہیں۔معاشی ترقی سے پریشان کرپٹ ٹولے کو اپنی سیاسی موت سامنے نظر آرہی ہے ۔ سوا ارب روپے مالیت کی 38 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے اور عوامی پیسے کو مفت مال سمجھ کر کھانے والوں کو حساب دینا ہوگا،جرم میں شراکت داری کو وفا کا نام دے کر چھپایا نہیں جا سکتا۔ میاں مفرور پاکستانی قانون کے مجرم ہیں اور صاحبزادی قانون کے بھاشن دے رہی ۔ ملک کو لوٹنے والوں کو قانون کے تابع لانا اولین ترجیح ہے ،وزیراعظم عمران خان کی جدوجہد دراصل اس قانون کی عملداری کیلئے ہے جہاں حاکم اور محکوم کا تصور نہ ہواور اس قانون کی عملداری میں سب سے بڑی رکاوٹ مریم صفدر جیسی بادشاہت کے قیام کے حامی ہیں۔شہبازگل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ سیف الملوک کھوکھر نے میاں مفرور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا۔ نااہل لیگ میں چوروں اور قبضہ مافیاز کی بھرمار ہے ، جنکے لیڈر اربوں کھا کر فرار ہوں ان کیلئے سرکاری اراضی پر قبضے بڑی بات نہیں، معاہدے کر کے جدہ جانیوالے اور انکے درباریوں کی وفاداریاں ایک این آر او کی مار ہے ، نسل در نسل خاندانی غلام آمرانہ سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔